ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل نیشل ہائی وے توسیع معاملہ: نئے تعمیر شدہ مکان کو منہدم کرنے کی کوشش؛ گھر مالک کا اعتراض

بھٹکل نیشل ہائی وے توسیع معاملہ: نئے تعمیر شدہ مکان کو منہدم کرنے کی کوشش؛ گھر مالک کا اعتراض

Thu, 06 Apr 2017 20:44:48    S.O. News Service

بھٹکل:6/اپریل(ایس اؤنیوز)بھٹکل کے بینگرے میں نیشنل ہائی وے کی توسیع کے تعلق سے آج جمعرات کو جب آئی آر بی کمپنی کے لوگ ایک مکان کو منہدم کرنے کی  غرض سے آگے بڑھے تو گھر مالک نے سخت اعتراض کرتے ہوئے گھر پر بلڈوزر چڑھانے سے روک دیا۔

گھر مالک  گریش شٹی کا کہنا ہے کہ  میری اپنی ملکیت کی 5گنٹہ زمین میں سے 2گنٹہ زمین وہ پہلے ہی  ہائی وے اتھارٹی کو دے چکا ہے اور دو گنٹہ زمین پر موجود عمارت بھی توڑی جاچکی ہے، جس کے عوض میں آئی آر بی آئی کی جانب سے آٹھ لاکھ روپیہ معائوضہ بھی ادا کیا جاچکا ہے۔ اس کے بعد نشان زدہ جگہ کو چھوڑ کر پیچھے والے زمین پر ہم نے دو سال قبل ہی 12 لاکھ روپیہ خرچ کرکے نیا مکان تعمیر کروایا ہے، مگر آج  آئی آر بی والے اس نئے تعمیر شدہ مکان کو بھی توڑنے کی کوشش کی ہے اور کہہ رہے ہیں کہ اس زمین کا ہرجانہ دیا جاچکا ہے، لہٰذا مکان کو خالی کرو۔

گریش شٹی کے مطابق آئی آر بی والوں سے جب نقشہ پوچھا گیا تو اُن کے پاس کوئی نقشہ نہیں تھا، جب اُن سے پوچھا گیا کہ ہائی وے سے کتنا میٹر آپ حساب کررہے ہیں تو اُس کا بھی جواب دینے کے لئے وہ تیار نہیں ہیں، البتہ ہمیں ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے کہ اگر کام میں رکائوٹ پیدا کی گئی تو ہمارے خلاف کیس دائر کریں گے۔

گریش شٹی نے اخبارنویسوں کو ایک نشان دکھاتے ہوئے بتایا کہ آئی آر بی کی طرف سے کہا گیا تھا کہ اتنی زمین تک لی جائے گی، اُس نشان کو ذہن میں رکھ کر اُس کے پیچھے ہم نے مکان تعمیر کروایا ہے، مگر اب  ہائی وے اتھارٹی والوں کاکہنا ہے کہ وہ نشان اُن کا نہیں ہے۔ گریش شٹی سوال کررہے ہیں کہ اب نیا مکان بھی تڑوائیں گے تو ہم کہاں جائیں گے ؟ ان کے مطابق اگر یہ عمارت بھی توڑی جاتی ہے تو ہمارے پاس خودکشی کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچے گا۔

اُدھر  آئی آر بی کمپنی  والوں کاکہنا ہے کہ گھر مالک جس نشان کی بات کررہے ہیں اس سے ہمار ا کوئی تعلق نہیں ہے، ہائی وےا تھارٹی کا نشان کچھ اورہوگا، لیکن ہمیں اپنا کام اپنے نقشہ کے مطابق انجام دینا ہے۔ اس دوران کچھ دیر کے لئے لفظی جھڑپ بھی ہوئی جس کے بعد  دونوں پارٹیوں نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر سے  رابطہ کرتے ہوئے ملاقات کی۔ خبر ملی ہے کہ کل جمعہ کو اسسٹنٹ کمشنر خود متعلقہ مقام کا سروے کریں گے ، جس کے بعد حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔


Share: